چمپئینز ٹرافی پر بھارت کے خدشات دور کرنے کا عندیہ
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے منتخب کی گئی تمام ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان، بھارت کے خدشات دور کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
پیر کو لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے انڈین کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جواب کا منتظر ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ وہ انڈیا سے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان نہ آنے کے بارے میں تحریری جواب طلب کرے اور اس بارے میں پاکستان کو مطلع کرے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کی تمام کرکٹ ٹیمیں جنہوں نے چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کیا ہے، وہ پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ میں آج بھی کہوں گا کہ انڈیا کے اگر کوئی تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے ہم انہیں دور کریں گے۔ کیونکہ میرا نہیں خیال کہ کوئی ایسی وجہ ہے جس سے انڈین ٹیم پاکستان نہ آ سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں ری شیڈول ضرور ہوئی ہیں، ابھی ہمیں منسوخی کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ ایونٹ کے شیڈول کا اعلان آئی سی سی نے کرنا ہے۔ امید ہے جلد اعلان کرے گا۔ ہمیں بھی انتظار ہے۔ آئی سی سی کو اپنی ساکھ کے حوالے سے خود سوچنا پڑے گا، وہ دنیا بھر کی کرکٹ باڈیز کی ایک باڈی ہے۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے برس کے آغاز میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل ٹرافی ٹور کے جس شیڈول کا اعلان کیا تھا اب اس میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ایونٹ کی ٹرافی 16 سے 25 نومبر تک پاکستان میں رہنی ہے۔ اس دوران یہ ٹرافی اسلام آباد، کراچی، ابیٹ آباد اور ٹیکسلا میں بھی نمائش کے لیے لے جائی جائے گی۔
ابتدا میں ٹرافی کی نمائش کے لیے سکردو، مری، ہنزہ اور مظفرآباد جیسے شہروں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا تھا تاہم آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں ان شہروں کا نام شامل نہیں ہے۔