خیبر میں عسکریت پسندوں کا فوجی قافلے پر حملہ، آٹھ اہلکار جاں بحق

  • منگل 19 / نومبر / 2024

افغانستان کی سرحد کے قریب فوج کے ایک قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں آٹھ اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی سرحدی ضلعے خیبر میں پیر کو فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق فوج کا یہ قافلہ انسدادِ دہشت گردی کی ایک کارروائی کے بعد واپس اپنے اڈے کی جانب لوٹ رہا تھا۔ وائس آف امریکہ کو متعدد سکیورٹی حکام سے ملنے والی معلومات کے مطابق اس حملے میں تین فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

سیکیورٹی حکام نے میڈیا سے بات کرنے کی اجزات نہ ہونے کے سبب نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد ہونے والی جھڑپ میں متعدد حملہ آور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

اس سے قبل بنوں میں پولیس کی ایک چوکی پر مسلح افراد نے حملہ کرکے سات اہلکاروں یرغمال بنا لیا تھا۔ پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ اہلکاروں کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں ضلع خیبر اور بنوں سمیت کئی اضلاع دہشت گردی کا شکار ہیں اور ان علاقوں میں عسکریت پسند حملے کرتے رہتے ہیں۔