ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ، 38 افراد جاں بحق

  • جمعرات 21 / نومبر / 2024

خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے خاتون اور بچے سمیت 38 افراد کو قتل کردیا جب کہ حملے میں 29 زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ میں ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے کرم کے علاقے لوئر کرم میں مسافر گاڑیوں کے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ جائے وقوع پر موجود ڈان نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بعد ازاں ڈان نیوز نے رپورٹ کیا کہ حملے میں 25 افراد جاں بحق جب کہ 20 زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو رضا کار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا۔

قبل ازیں غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی خبر کے مطابق خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری نے بتایا کہ حملے میں ایک خاتون اور بچے سمیت کم از کم 11 افراد جاں بحق ہو ئے۔ چیف سیکریٹری نے تصدیق کی کہ حملے میں پاراچنار سے کرم جانے والی مسافر وین کو نشانہ بنایا گیا۔

پاراچنار کے ایک مقامی رہائشی زیارت حسین نے ٹیلی فون پر رائٹرز کو بتایا کہ مسافر گاڑیوں کے 2 قافلے تھے جن میں سے ایک پشاور سے پاراچنار اور دوسرا پاراچنار سے پشاور جا رہا تھا کہ مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔

زیارت حسین نے مزید بتایا کہ ان کے رشتے دار پشاور سے کرم جانے کے لیے سفر کر رہے تھے۔ تاحال کسی گروپ نے مسافر گاڑیوں پر حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔