وزیر داخلہ کا چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطہ

  • ہفتہ 23 / نومبر / 2024

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کرکے انہیں دھرنے یا ریلی کی اجازت نہ دینے سے آگاہ کیا ہے۔
 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں ان کے ساتھ موجودہ صورت حال پر گفتگو کی۔ محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں۔ کسی جلوس،  دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے بیرسٹر گوہر کو  بیلاروس کے صدر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے 80 رکنی وفد کی 24 سے 27 نومبر کی مصروفیات و تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بیلاروس کا اعلیٰ سطح کا وفد 24 نومبر کو  اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ صدر  بیلاروس 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے۔ کہ بیلاروس کا وفد 27 نومبر تک اسلام آباد میں رہے گا۔ 

بیرسٹر گوہر نے وفاقی وزیر داخلہ کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ وہ اس حوالے سے  پارٹی میں مشاورت کے بعد حتمی رائے سے آگاہ کریں گے۔

نیکٹا نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج میں دریں اثنا دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔ نیکٹا کے الرٹ میں کہا گیا ہے پی ٹی آئی کے عوامی اجتماع  پر دہشت گرد حملہ ہوسکتا ہے۔

نیکٹا نے اس حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 19اور 20 نومبر کی درمیانی شب فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاک افغان باڈر سے پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پی ٹی آئی کے احتجاج میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ سیکیورٹی سخت کردی جائے۔