کسی کو ملکی مفادات اور ترجیحات سے کھیلنے نہیں دیا جا سکتا: وزیر اعظم
وزیر اعظم نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔کسی کو بھی پاکستان کے مفادات اور ترجیحات سے کھیلنے نہیں دیا جاسکتا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں اہم اجلاس ہؤا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر نہیں چاہتے پاکستان ترقی کرے، پاکستان کے معاشی حالات الحمدللہ دن بدن بہترین ہو رہے ہیں، ہمیں سب اتحادیوں کو ساتھ لےکر چلنا ہو گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے، جہاں تک ہوسکے ہمیں ان کو حل کرنا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت بھی کی۔
دریں اثنا بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ وہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی بات چیت کریں گے جن میں دوطرفہ تعاون اور روابط کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلاروس کے صدر کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کی آمد سے قبل بیلاروس کا اعلیٰ سطح کا 68 رکنی وفد اتوار کو اسلام آباد پہنچا تھا جس میں بیلاروس کے وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر انصاف، وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات اور سربراہ ملٹری انڈسٹری کمیٹی شامل تھے جبکہ بیلاروس کی 43 نمایاں کاروباری شخصیات بھی وفد کا حصہ ہیں۔
بیلاروس کے وفد کا دورہ ایسے موقع پر ہورہا ہے جب تحریک انصاف نے احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے جس کے نتیجے میں حکام نے سرکاری عمارتوں اور سفارتی انکلیو پر مشتمل اسلام آباد کے ریڈ زون کو سیل کر رکھا ہے۔