حکومت سے مذاکرات اب بھی جاری ہیں، بیرسٹر گوہر کی تصدیق
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حکومت سے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے جلد کوئی خبر آئے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق خیبر پختون خوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف اور بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ڈیڑھ گھنٹے تک مشاورت کی۔ ملاقات کے دوران اسلام آباد میں احتجاج کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ عمران خان سے ملاقات کرنے کے بعد واپس روانگی کے دوران بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کی احتجاج کی کال فائنل ہے۔ احتجاج کال آف والی بات نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات جاری رہنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔ صحافی نے پوچھا کہ مذاکرات کے حوالے سے کچھ بتادیں جس پر انہوں نے کہا کہ جی اس پر آپ کو ان شااللہ جلد بتائیں گے۔ ہاں وہ چل رہے ہیں۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں بشریٰ بی بی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عمران خان ہمارے پاس نہیں آجائیں گے، ہم اس مارچ کو ختم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں اپنی آخری سانس تک کھڑی رہوں گی، آپ لوگوں نے میرا ساتھ دینا ہے، جو نہیں دےگا، تب بھی میں کھڑی رہوں گی‘۔
عمران خان کی اہلیہ نے کہا کہ مجھے امید نہیں، مجھے یقین ہے کہ پٹھان غیرت مند قوم ہے اور آخری جنگ تک وہ ساتھ نہیں چھوڑتی۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا تھا جس کے لیے پشاور سے پی ٹی آئی کا قافلہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ڈی چوک پہنچنے کے لیے پنجاب کی حدود میں داخل ہوچکا ہے۔
پی ٹی آئی کے اسلام آباد کی جانب مارچ کے دوران مرکزی ٹرک سے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے کہا کہ میرے بچو اور میرے بھائیو! جب تک خان ہمارے پاس نہیں آجائیں گے، ہم نے اس مارچ کو ختم نہیں کرنا۔ واضح رہے کہ بشریٰ بی بی پشاور سے اسلام آباد آنے والے پی ٹی آئی کے مرکزی قافلے میں موجود ہیں، اس سے قبل تحریک انصاف نے اعلان کیا تھا کہ بشریٰ بی بی طبیعت خراب ہونے کے باعث احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی۔