پی آئی اے پر یورپی ممالک کیلئے پروازوں پر عائد پابندی ختم

  • جمعہ 29 / نومبر / 2024

یورپین یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے یورپ میں فلائٹ آپریشن سے پابندی اٹھالی ہے۔

ایاسا نے وزرات ہوا بازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ قوانین اور ضابطوں پر مکمل عمل پیرا رہے گی۔ پی آئی اے انتظامیہ 4 سال کی انتھک محنت کے بعد یہ سنگ میل عبور کیا۔

یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے نجی ایئرلائن ایئر بلیو کو بھی ٹی سی او جاری کردیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے۔ پابندی اٹھنے سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں آسانی ہوگی۔ نجی ایئرلائن کی پروازیں بھی یورپی ممالک کے لیے شروع ہوں گی۔ عالمی شہری ہوا بازی تنظیم کے معیار کو یقینی بنانے سے کامیابی ممکن ہوئی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امید ہے پی آئی اے پر برطانیہ اور دیگر ممالک میں بھی پابندی ہٹ جائےگی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے پر یورپی ممالک کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کرنے کے یورپی یونین کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر خواجہ آصف، وزارت ہوا بازی اور متعلقہ حکام کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پابندی اٹھنے سے پی آئی اے کی ساکھ مستحکم ہو گی۔

پابندی کے خاتمے سے پی آئی اے کو مالی طور پر بھی فائدہ ہو گا، یہ پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے ہوائی سفر میں آسانی پیدا ہو گی۔

واضح رہے کہ جون 2020 میں اُس وقت کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا تھا کہ کمرشل پائلٹس کی ایک بڑی تعداد نے ’مشکوک لائسنس‘ حاصل کر رکھے ہیں۔ جس کے بعد یکم جولائی 2020 کو یورپین یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے یورپی ممالک کے فضائی آپریشن کے اجازت نامہ معطل کردیا تھا۔