سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 8 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن سمیت پاک فوج کے 2 جوان شہید
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے 2 مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 9 کو زخمی کر دیا۔ جب کہ اس دوران پاک فوج کے ایک کیپٹن سمیت 2 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے ملک کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں آپریشن کے دوران 5 خارجی ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔ دوسری کارروائی ضلع خیبر میں کی گئی۔ 3 خارجی ہلاک ہوئے جب کہ 2 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشنز کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ ضلع خیبر میں آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن محمد ذوہیب الدین شہید ہوئے۔ ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں کیے گئے آپریشن کے دوران پنجاب کے ضلع جھنگ کے رہائشی 29 سالہ سپاہی افتخار حسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔