فوجی عدالتوں کو سویلینز کے مقدمات کا فیصلہ سنانے کی اجازت دینے کی حکومتی استدعا مسترد

  • سوموار 09 / دسمبر / 2024

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے وفاقی فوجی عدالتوں کو سویلینز کے مقدمات کا فیصلہ سنانے کی اجازت دینے سے متعلق حکومتی استدعا مستردکردی ہے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ کی جانب سے سویلین کے ملٹری ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت روکنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔

اس موقع پر وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں کہا کہ یہ کہنا ہی غلط ہے کہ سویلینز کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل نہیں ہو سکتا۔ آرمی ایکٹ مسلح افواج کے ساتھ کام کرنے والی پرائیویٹ کمپنیز کےملازمین پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ یا تو یہ شقیں بھی کالعدم کردیں پھر کہیں سویلینز کا وہاں ٹرائل ممکن نہیں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ وہ تو سویلین کی الگ قسم ہوتی ہے جو آرڈیننس فیکٹری وغیرہ میں کام کرتے ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ جی بالکل، آرمی ایکٹ سویلین کی کیٹیگری کی بات ہی کرتا ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آپ کا کیس آرمی ایکٹ کی اس شق میں نہیں آتا، جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ کور کمانڈرز جب اپنےگھر کو بطور دفتر استعمال کریں تو کیا اسے دفتر ڈیکلئیرکرتے ہیں؟ خواجہ حارث نے کہا کہ میں ایسے کسی نوٹیفکیشن کی طرف نہیں جا رہا۔ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ اجازت دینے کا مطلب فوجی عدالتوں کا اختیار تسلیم کرنا ہوگا۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالتوں نے ملزمان کی ملٹری کو حوالگی کیسے دی؟ کیا اے ٹی سی کورٹس کا وجوہات پر مبنی کوئی آرڈر موجود ہے؟

اس موقع پر سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا کہ ہمیں بھی جسٹس منیب اختر کے تحریر کردہ فیصلے کے کچھ حصوں پر اعتراض ہے۔ اس پر دلائل دوں گا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہاکہ اے پی ایس پر حملہ کرنے والوں کا ٹرائل کیسے چلا تھا، وکیل وزارت دفاع خواجہ حارث نے بتایا کہ 21 ویں ترمیم ہوئی تھی جس کے بعد ٹرائل ہوا تھا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ اس وقت تو سویلین کے خلاف فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے لیے آئین میں ترمیم کی گئی تھی۔

جسٹس مسرت ہلالی نے نیاز اللہ نیازی سے استفسار کیا کہ کیا آپ کی ملاقات کرائی جا رہی ہے، جس پر نیاز اللہ نیازی نے کہاکہ جی ملاقات ہو رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے سبب یرغمالی صورت حال سے دو چار ہیں، جسٹس امین الدین خان نے کہاکہ آپ یہاں تقریر نہ کریں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ فوجی عدالتوں میں ٹرائل مکمل ہو چکے ہیں۔ فوجی عدالتوں کو ٹرائل کے فیصلے سنانے کی اجازت دی جائے۔ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ ایسا نہیں کر سکتے، اگر ایسا کیا تو پھر فوجی عدالتوں کے سویلین ٹرائل کا اختیار سماعت ہی حل ہو جائے گا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ فوجی اہلکاروں کو کام سے روکنے کا جرم تو تعزیرات پاکستان میں موجود ہے۔ تعزیرات پاکستان کے تحت فوج کو کام سے روکنے والوں کا ٹرائل عام عدالتوں میں ہوگا۔

عدالت نے وفاقی فوجی عدالتوں کو مقدمات کا فیصلہ سنانے کی اجازت دینے کی حکومتی استدعا بھی مسترد کر دی۔ آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کا کیس کل تک ملتوی کردیا۔

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے چھبیسویں آئینی ترمیم کے فیصلے تک فوجی عدالتوں کے کیس کی سماعت مؤخر کرنے کی درخواست خارج کر دی۔ آئینی بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل روکنے سے متعلق کیس کی سماعت مؤخر کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کو 20 ہزار روپے جرمانہ بھی کر دیا گیا۔ سابق چیف جسٹس پاکستان جواد ایس خواجہ نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل جبکہ سینیئر قانون دان اعتزاز احسن نے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں کا فیصلہ ہونے تک سماعت نہ کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔

دوسری جانب چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف متعدد درخواستوں کی سماعت کرنے والی فل کورٹ کی تشکیل کا فیصلہ کرنے کے لیے آئینی بینچز کی کمیٹی سے رجوع کیا ہے۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی اور جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل 3رکنی کمیٹی 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرنے والے آئینی بینچ کے کل ارکان کا فیصلہ کرے گی۔