شام کے تشدد میں ملوث فوجی حکام کے خلاف کارروائی ہوگی: ابو محمد الجولانی

  • منگل 10 / دسمبر / 2024

شام میں بشار الاسد حکومت کا تختہ الٹنے والے باغی گروپ نے حکومت سازی پر کام شروع کر دیا ہے جب کہ باغی رہنما نے تشدد میں ملوث سابق فوجی افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق شامی باغی گروپ 'حیات تحریر الشام' کے کمانڈر احمد الشرع المعروف ابو محمد الجولانی نے بشار الاسد کے دورِ حکومت میں وزیرِ اعظم رہنے والے محمد الجلالی سے ملاقات کی اور انتقالِ اقتدار کے امور پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت سے باخبر ذریعے نے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ جلالی کا کہنا تھا کہ اقتدار کی منتقلی میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔ قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ محمد البشیر انتقالِ اقتدار کی ذمے دار اتھارٹی کے سربراہ ہوں گے جو شام کے شمال مغرب میں باغیوں کے گڑھ میں قائم ’سالویشن گورنمنٹ‘ کے سربراہ بھی ہیں۔

باغیوں کے اتحاد نے اب تک شام کے مستقبل کے بارے میں کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ہے۔ البتہ باغی رہنما خبردار کر چکے ہیں کہ بشارالاسد حکومت کے عہدیداروں کو جنگی جرائم کی سزا ملے گی۔ خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق باغی رہنما ابو محمد الجولانی نے منگل کو جاری ایک بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بشارالاسد حکومت میں شامل وہ عہدیدار جو لوگوں پر تشدد اور جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے تھے انہیں اس کا جواب دینا ہو گا۔