سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا، بلوچستان میں کارروائیاں، 43 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کیے گئے آپریشن کے دوران 43 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں کارروائی کی، فورسز کی جانب سے مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 9 دسمبر 2024 سے اب تک صوبہ خیبرپختونخوا میں 18 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں 13 دسمبر کو موسیٰ خیل اور پنجگور اضلاع میں دو الگ الگ خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔
یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں امن بحال اور خارجی دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان آپریشنز سے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گرد گروہوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
یاد رہے کہ فورسز کی کارروائیاں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب کہ پاکستان کو دہشت گردی کی لہر کا مسلسل سامنا ہے۔ ملک اور وسیع تر خطے میں تنازعات اور امن سے متعلق امور پر کام کرنے والے اسلام آباد کے تھنک ٹینک پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز (پِپس) نے رواں ماہ اپنے ’ماہانہ سیکیورٹی ریویو آف پاکستان‘ میں کہا تھا کہ پاکستان میں نومبر 2024 میں 61 دہشت گرد حملے ہوئے جو گزشتہ ماہ کے مقابلے 27 فیصد زیادہ ہیں۔ اموات کی تعداد میں بھی 69 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا جو اکتوبر میں 100 سے بڑھ کر نومبر میں 169 ہوگئیں جبکہ ان حملوں میں 225 افراد زخمی ہوئے۔