پیپلز پارٹی کے تحفظات پر مذاکرات جاری ہیں، معاہدے پر عمل کیا جائے: یوسف رضا گیلانی

  • اتوار 15 / دسمبر / 2024

چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے پیپلز پارٹی کے تحفظات کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے حکومت سے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ طے کردہ تحریری معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے تحفظات سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔ حکومت نے پی پی سےجو تحریری معاہدہ کیا اس پر عملدرآمد کیا جائے۔ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا پہلے بھی حصہ نہیں تھی اور آئندہ بھی حصہ نہیں ہوگی۔ ایک سوال کےجواب میں یوسف رضا گیلانی نے تمام سیاسی مسائل کا حل مذاکرات ہی کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی مسائل کا حل مذاکرات ہیں۔ مہذب دنیا میں مذاکرات سے ہی مسائل کا حل نکالا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا جب مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا، تو باضابط نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسلام آباد میں صحت سے متعلق آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کی جائیں۔ ہیلتھ کیئر نظام تک رسائی نہ صرف بنیادی انسانی حق اور قومی ترقی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہاکہ 18ویں آئینی ترمیم نے صوبوں کو صحت سے متعلق امور پر بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آئینی ترمیم کے تحت صوبے اپنی آبادی کی ضروریات کے مطابق مقامی حل نکالنے میں اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ‎  ایسے معاشرہ تشکیل دیا جائے جو صحت کو ترقی کی بنیاد کے طور پر اہمیت دے۔