جنوبی وزیرستان: دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش، 16 جوان شہید، 8 دہشت گرد ہلاک

  • ہفتہ 21 / دسمبر / 2024

سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 16 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی شب خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے حملے کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 16 بہادر جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ شہدا میں لانس نائیک لیاقت علی، محمد اسحٰق، حوالدار ایوب خان، حوالدار عمر حیات، سپاہی محبوب رحمٰن، حوالدار محمد حیات، لانس نائیک شیر محمد، سپاہی احسان الحق، سپاہی جنید، لانس نائیک حامد علی، سپاہی کلیم اللہ، حوالدار طاہر محمود، لانس نائیک مصور شاہین، سپاہی فیض محمد،سپاہی طیب علی اور سپاہی جنید شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دریں اثنا، وزیرعظم شہباز شریف نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے 16 شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے شہدا کے درجات بلند کرنے کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔