امریکی پابندیوں کا کوئی جواز نہیں، جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے: وزیر اعظم

  • منگل 24 / دسمبر / 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں بلاجواز ہیں، پاکستان کا جوہری پروگرام سو فیصد دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔ یہ جوہری پروگرام ملک کے 24 کروڑ عوام کا پروگرام ہے جس پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگر اداروں پر امریکی پابندیوں کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پاکستان ایسا قطعی کوئی ارادہ نہیں رکھتا کہ ہمارا جوہری نظام جارحانہ عزائم پر مبنی ہو۔ یہ سو فیصد دفاعی نظام ہے، پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت کی جاتی ہے تو ہم صرف اپنا دفاع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے مربوط جواب دیا ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا ہے۔ جو انہیں اپنے دلوں سے زیادہ عزیز ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پوری قوم اس پروگرام پر یکسو ہے اور پوری طرح متحد ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پابندیوں میں نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس سمیت ان 4 اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ اس طرح کے ہتھیاروں کے پھیلاؤ یا ترسیل میں حصہ لے رہے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’امریکا جوہری پھیلاؤ اور اس سے وابستہ خریداری کی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا‘۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تیاری کے مسلسل پھیلاؤ کے خطرے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

بعدازاں امریکی نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر نے کہا تھا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں سے لیس ایسے میزائل بنا رہا ہے جو جنوبی ایشیا سے باہر اور امریکا میں بھی اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ جون فائنر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا طرز عمل بیلسٹک میزائل پروگرام کے مقاصد کے بارے میں ’حقیقی سوالات‘ کو جنم دیتا ہے۔