جنوبی کوریا کا طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ، 177 افراد ہلاک

  • اتوار 29 / دسمبر / 2024

جنوبی کوریا میں ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ ہونے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 177 ہوگئی ہے۔

اتوار کو جنوبی کوریا کی ایک مقامی ایئر لائن جے جو ایئر کا مسافر طیارہ دار الحکومت سول سے جنوب میں 290 کلو میٹر دور موان شہر کے ایئرپورٹ پر لینڈ کر رہا تھا۔ لینڈنگ کے دوران بظاہر جہاز کے لینڈنگ گیئر نہیں کھلے اور وہ رن وے پر پھسلتا ہوا ایئرپورٹ میں کنکریٹ سے بنی دیوار سے ٹکرا کر زوردار دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً نو بجے پیش آیا۔

کریش ہونے والا طیارہ 15 سال پرانا بوئنگ 737 کا جیٹ-800 تھا جس پر 181 افراد سوار تھے۔ حکام کے مطابق طیارے میں سوار افراد میں سے کم از کم 177 کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 84 خواتین اور 82 مرد شامل ہیں جب کہ 11 دیگر افراد کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔

حادثے کو کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود تین افراد تاحال لاپتا ہیں جب کہ طیارے کے عملے کے دو افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

جائے حادثہ پر ریسکیو ورکرز کی بڑی تعداد موجود ہے جو طیارہ تباہ ہونے کے بعد بکھری ہوئی لاشوں کو جمع کرنے اور لاپتا افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ موان کے چیف فائر اسٹیشن لی جیون ہیون نے ٹیلی وژن پر ایک بریفنگ میں بتایا ہے کہ دیوار سے ٹکرانے کے بعد طیارہ پوری طرح تباہ ہوگیا اور ملبے میں صرف اس کی دم قابلِ شناخت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طیارہ کریش ہونے کے دیگر ممکنہ اسباب کی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں جیسے کہیں پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے طیارے میں تیکنیکی مسائل تو پیدا نہیں ہوئے اور جس کے باعث اس کی لینڈنگ گیئر نہیں کھلے۔

ایک اور بریفنگ میں ٹرانسپورٹ کی وزارت کے اعلیٰ عہدے دار جو جونگ نے بتایا کہ طیارے کے کریش ہونے اور اس میں آگ لگنے کے اسباب جانے کے لیے تحقیقاتی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔ موان میں ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے لینڈنگ گیئر نہیں کھلے۔

ٹرانسپورٹ کی وزارت کے مطابق طیارہ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک سے واپس آ رہا تھا اور اس میں دو تھائی شہری بھی سوار تھے۔ ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی پریس کانفرنس میں جے جو ایئر کے صدر کم ای بائی اور ایئر لائن کے دیگر حکام نے متاثرہ خاندانوں سے واقعے پر معافی مانگی ہے اور اس کی مکمل ذمے داری قبول کی ہے۔

کم کا کہنا ہے تھا کہ طیارے کے معمول کے چیک اپ میں کوئی تکنیکی خرابی سامنے نہیں آئی تھی تاہم وہ واقعے کے اسباب سے متعلق حکومتی تحقیقات کا انتظار کریں گے۔ طیارہ بنانے والی کمپنی بوئنگ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ جے جو ایئر کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس کریش سے متعلق کمپنی کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

موان میں ہونے والا واقعہ جنوبی کوریا کے ہلاکت خیز فضائی حادثات میں سے ایک ہے۔ اس سے قبل 1997 میں جنوبی کوریا کی ایک ایئر لائن کا طیارہ گوام میں تباہ ہوا تھا جس میں 228 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔