فتح جنگ کے قریب بس کو حادثہ، 11 مسافر جاں بحق

  • سوموار 30 / دسمبر / 2024

موٹر وے ایم 14 پر فتح جنگ کے قریب مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔  ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے میں 22 مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 3 خواتین سمیت 6 افراد کو بے نظیر بھٹو اسپتال، ایک زخمی کو اسلام آباد جبکہ ایک زخمی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے۔

بس بہاولپور سے اسلام آباد جا رہی تھی کہ ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہو گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال فتح جنگ منتقل کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے پولیس نے بتایا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ 

دوسری جانب سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں ٹرالر اور وین میں ٹکر کے باعث 7 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں سے 8 زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں نواب شاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔