31 جنوری تک جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو مذاکرات آگے نہیں چلیں گے: حامد رضا

  • اتوار 12 / جنوری / 2025

حکومت سے مذاکرات کرنے والی پاکستان تحریک انصاف کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم تیسرے مذاکراتی دور کے لیے تیار ہیں۔ حکومت جوڈیشل کمیشن کے لیے ورکنگ کرکے آئے اور اگر 31 جنوری تک جوڈیشل کمیشن نہیں بنا تو مذاکرات آگے نہیں چلیں گے۔

سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد مذاکراتی کمیٹی کے دیگر ارکان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حامد رضا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کمیٹی تیسرے مذاکراتی راؤنڈ کے لیے تیار ہے۔ 2 مطالبات تحریری شکل میں فراہم کردیں گے۔ ہم چاہتے ہیں ظلم و ستم کا ازالہ اور ذمہ داروں کا تعین ہو۔ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ عمران خان نے بانی پی ٹی آئی نے اپنی رہائی کی کوئی بات نہیں کی، تاہم ہمارے اسیران کے ٹرائل مکمل ہوچکے ہیں۔ قانونی حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔

حامد رضا کا کہنا تھا کہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے لیے ورکنگ کرکے آئے۔ مذاکرات کو حتمی نتائج تک پہنچانے کے لیے بال اب حکومت کی کورٹ میں ہے۔ 31 جنوری تک مذاکرات مکمل ہونے کی ہماری تاریخ ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی لیکن آج بھی بانی سے ملاقات کنٹرولڈ ماحول میں کرائی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 31 جنوری کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے۔ ہمارے پاس مذاکرات کی تاریخ میں توسیع کا اختیار نہیں ہے۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی۔ تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کے لیے مذاکراتی کمیٹی میں شامل اپوزیشن لیڈرعمر ایوب، اسد قیصر، سنی اتحاد کونسل کےحامد رضا اور مجلس وحدت مسلمین  کے ناصرعباس راجا اڈیالہ جیل پہنچے۔

ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسپیکر کے پیغام کے بعد اڈیالہ جیل میں مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کا اہتمام کیا ہے۔  پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے بھی تصدیق کی تھی۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نےصرف پیغام رسانی کا کردار ادا کیا، ایازصادق نے پیغام دیاکہ حکومت مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کروا دے۔

واضح رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی تیسرا دور منگل کو ہونے کاامکان ہے۔ مشیر وزیراعظم بیرسٹر عقیل نے واضح کیا ہے کہ تمام معاملات عوام کے سامنے رکھے جائیں گے۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے واضح کیا کہ مذاکرات ٹریک پر ہیں، کوئی پیچھے نہیں ہٹا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیان میں براہ راست وزیرِاعظم کی ذات پر حملہ کیا گیا۔ اگلی ملاقات میں درخواست کریں گے کہ ایسے بیانات نہ آئیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے باور کرایا کہ مذاکرات کی موجودہ صورتحال کی ذمے دار ن لیگ نہیں ہے۔

دوسری جانب، پی ٹی آئی رہنما اسدقیصر نے الزام عائد کیا کہ خواجہ آصف اور مریم نواز کی کوشش ہے مذاکرات ناکام ہوجائیں ۔ اسد قیصرنے واضح کیا ہے کہ مذاکرات سے متعلق ان کی کمٹمنٹ ہے۔ اس لیے اعتماد سے بات کر رہے ہیں۔ صرف پاکستان کی خاطر اپنے تحفظات کو پیچھے کیا ہے۔