القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ: عمران خان کو 14 برس، بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا

  • جمعہ 17 / جنوری / 2025

راولپنڈی کی احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو 14 برس اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سات سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے جمعے کو اڈیالہ جیل میں کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب قرار پائے ہیں۔ فیصلے کے وقت عمران خان اور بشریٰ بی بی کے علاوہ ان کے وکلا بھی کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔

عدالت نے عمران خان کو دس لاکھ اور بشریٰ بی بی کو پانچ لاکھ جرمانے کا بھی حکم دیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں سابق وزیرِ اعظم کو چھ ماہ جب کہ ان کی اہلیہ کو مزید تین ماہ قید کاٹنا ہو گی۔

احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی سرکاری تحویل میں لینے کا بھی حکم دیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد جیل حکام نے کمرۂ عدالت میں موجود بشریٰ بی بی کو گرفتار کر لیا۔ سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ پر کاروباری شخصیت ملک ریاض کو غیرقانونی فوائد کے بدلے القادر یونیورسٹی کے لیے زمین لینے کا الزام تھا۔ٹوئٹر پر شیئر کیجئیے

القادر ٹرسٹ کیس کو  190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ عدالت نے 18 دسمبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ جمعے کو فیصلہ سنانے سے قبل عدالت نے پہلے 23 دسمبر، پھر چھ جنوری اور پھر 13 جنوری کو فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما و کیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سیاسی بنیاد پر سزا سنائی گئی ہے اور عدالتی فیصلے پر  کوئی حیرت نہیں ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے آفیشل فیس بک پیج سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے فیصلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‏آج فیصلے نے عدلیہ کی ساکھ کو مزید خراب کر دیا ہے لیکن وہ ‏تمام کیسز کا سامنا کریں گے۔

بیان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ گھریلو عورت ہیں جن کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے بقول بشریٰ بی بی کو سزا انہیں تکلیف دینے کے لیے دی گئی ہے۔

'القادر ٹرسٹ' کی بنیاد سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے دورِ حکومت میں 2019 میں رکھی گئی تھی جس کے ٹرسٹی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی قریبی دوست فرح گوگی ہیں۔

القادر ٹرسٹ اُس وقت قائم کیا گیا تھا جب اُس وقت کے وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنی کابینہ سے ایک لفافے میں بند کاغذ پر درج سمری کی منظوری لی تھی۔ جس کے تحت برطانیہ سے پاکستان کو موصول ہونے والے 190 ملین پاؤنڈ کی رقم کو سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیا گیا تھا۔

پاکستان کو یہ رقم بحریہ ٹاؤن کے برطانیہ میں ایک تصفیے کے نتیجے میں منتقل کی گئی تھی۔ بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے خلاف برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی تحقیقات کے نتیجے میں ملک ریاض نے مقدمہ لڑنے کے بجائے تصفیہ کر لیا تھا جب کہ این سی اے نے 190 ملین پاؤنڈز کی رقم ریاست پاکستان کی ملکیت قرار دی تھی۔

لیکن یہ رقم پاکستان کے قومی خزانے میں پہنچنے کے بجائے سپریم کورٹ کے اُس اکاؤنٹ تک پہنچی تھی جس میں ملک ریاض بحریہ ٹاؤن کراچی کے مقدمے میں سپریم کورٹ کو 460 ارب روپے ایک تصفیے کے تحت قسطوں میں رقم ادا کر رہے ہیں۔

عمران خان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے نو مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں ہی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد ملک گیر احتجاج بھی ہوا تھا۔ بعد ازاں عمران خان کو اس کیس میں ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔

اگست 2023 سے جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو نیب نے نومبر 2023 میں اس کیس میں پھر گرفتار کیا جب کہ تفتیش مکمل ہونے پر دسمبر 2023 میں احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ایک سال قبل 27 فروری 2024 سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر القادر ٹرسٹ کیس میں فردِ جرم عائد کی تھی۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس کیس کی لگ بھگ 100 سماعتیں ہوئیں جب کہ 30 سے زائد گواہان کو پیش کیا گیا جن میں سابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور عمران خان کی وزارتِ عظمیٰ میں پرنسپل سیکریٹری رہنے والے اعظم خان بھی شامل تھے۔

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا سنائے جانے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج بھی کریں گے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا سوال تو پوچھنا چاہیے نواز شریف کے بیٹے حسن نواز سے کہ تم نے جس پیسے سے لندن میں ون ہائیڈ پارک کی عمارت خریدی، وہ پیسہ کس طرح باہر لے کر گئے اور آگے پھر بیچی، اس رقم کا تم نے کیا کیا؟ آج وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اس ملک میں چور دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ معصوم اور ایماندار لوگ جو کہ اس ملک میں نبی کریم ﷺ کو سیرت کو پڑھانے کے لیے القادر یونیورسٹی جیسا ادارہ بناتے ہیں انہیں سزا سنا دی جاتی ہے۔
القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کے معاملے پر نہ تو حکومت کو ایک دھیلے کا نقصان ہوا اور نہ ہی عمران خان یا بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں کوئی رقم گئی۔ اسے القادر یونیورسٹی بنانے پر سزا دی جا رہی ہے جس میں نوجوان نسل کو سیرت النبی ﷺ پڑھائی جانی تھی اور پاکستان کے نوجوانوں کو مستفید ہونا تھا۔