غزہ میں جنگ بندی شروع، امداد فلسطینیوں تک پہنچائی جائے گی

  • اتوار 19 / جنوری / 2025

اسرائیل اور حماس کے درمیان 15 ماہ اور 12 دن بعد جنگ بندی کے معاہدے پر تقریباً 3 گھنٹے کی تاخیر کے بعد عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ چند گھنٹے کی تاخیر کی وجہ سے اسرائیلی حملوں میں مزید 19 فلسطینی شہید اور 36 زخمی ہوگئے۔

اسرائیل نے معاہدے پر عمل درآمد کے پہلے دن رہا کیے جانے والے 3 قیدیوں کے نام ملنے کی تصدیق کی ہے۔ اس معاہدے میں لڑائی کو روکنے اور پہلے دن 3 اسرائیلی قیدیوں اور تقریباً 95 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ غزہ میں قید 3 یرغمالیوں کی رہائی مقامی وقت کے مطابق دن 2 بجے کے بعد ہو گی۔ 4 دیگر زندہ خواتین یرغمالیوں کو 7 دنوں میں رہا کر دیا جائے گا۔ جنگ بندی کے ابتدائی مرحلے میں وسطی غزہ سے اسرائیلی افواج کا بتدریج انخلا اور بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ میں واپسی شامل ہے۔

معاہدے کے تحت غزہ میں جنگ بندی کے بعد روزانہ 600 ٹرک انسانی امداد کی اجازت دی جائے گی، 50 ٹرک ایندھن لے کر جائیں گے جبکہ 300 ٹرک شمال کی جانب مختص کیے جائیں گے، جہاں شہریوں کے لیے حالات خاص طور پر سخت ہیں۔

قطر نے غزہ میں جنگ بندی کے آغاز کی تصدیق کر دی ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا آغاز ہو گیا ہے۔