سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 30 دہشتگرد ہلاک

  • ہفتہ 25 / جنوری / 2025

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 30  دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 8 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں آپریشن کیا، اس دوران 18 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 6 خوارج زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاع پر دوسرا آپریشن ضلع کرک میں کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں تیسری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے، جن میں رنگ لیڈر خارجی رہنما عزیز الرحمن، قاری اسمٰعیل اور خارجی مخلص شامل تھا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 2 خوارج زخمی بھی ہوئے۔ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف عسکری سرگرمیوں کے ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔