ملتان میں گیس ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا، 6 افراد جاں بحق، کئی گھر منہدم ہوگئے
ملتان میں گیس سے بھرا باؤزر دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 39 جھلس کر زخمی ہوگئے۔ کئی گھر آگ کی لپیٹ میں آکر منہدم ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ملتان میں مظفرگڑھ روڈ پر فہد ٹاؤن میں گیس سے بھرا باؤزر دھماکے سے پھٹ گیا۔ انتظامیہ کے مطابق ڈرائیور باؤزر سڑک پر کھڑا کرکے رشتہ داروں سے ملنے چلا گیا تھا۔ گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا۔ دھماکے کے بعد باؤزر کے ٹکڑے متعدد قریبی گھروں میں جاگرے، جس کے نتیجے میں گھروں میں آگ لگ گئی اور کئی گھروں کی چھتیں گر گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے میتوں اور زخمیوں کو نشتر ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کردیا۔ زخمیوں میں ایک گھر کی خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد بھی شامل ہیں۔ 12 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ کمشنر ملتان عامر کریم کے مطابق ملبے سے 100 زائد افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ دھماکے میں متعدد جانور بھی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
باؤزر دھماکا رات 12 بجے کے بعد ہوا تھا۔ سی پی او صادق علی ڈوگر کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے آگ بھجانے کے بعد علاقے کو کلیئر کردیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے بوائلر میں دھماکا ہوا، جس سے بوائلر کے ٹکڑے بستی حامد پور کے گھروں میں جاگرے۔
سی پی او ملتان کے مطابق بستی حامد پور میں ایک ہی گھر کے 6 افراد زخمی ہوئے جب کہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔ سی پی او صادق ڈوگر نے کہا کہ علاقہ مکمل کلیئر ہونے تک ٹیمیں موجود رہیں گی۔
واقعے کی ابتدائی معلومات کے مطابق 15 سے 16 افراد ٹینکر سے ایل پی جی گیس کی ری فلنگ کر رہے تھے کہ اچانک ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔ ملزمان کسی کو اطلاع دیے بغیر موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے تھانہ مظفر آباد میں 8 نامزد اور 7 نامعلوم افراد اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ 2 نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے کارروائی شروع کر دی گئی۔