بھارت: مہا کمبھ میلے میں بھگدڑ سے سات افراد ہلاک، متعدد زخمی
بھارت میں جاری ہندؤوں کے مذہبی تہوار مہاکمبھ میلے میں بھگدڑ کے سبب سات افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ریاست اتر پردیش کے شہر پریاگ راج (الہ آباد) میں بھگدڑ کا واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ رات ایک بجے معمولی نوعیت کی بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا جس میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ تاہم خارجی راستوں کی جانب سے زائرین کے جمع ہونے سے صورتِ حال خراب ہوئی۔ حکام کے مطابق فوری طور پر بھگدڑ کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی۔
میلے میں شریک بعض زائرین نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا کہ پہلی بھگدڑ کے بعد کئی افراد نے باہر نکلنے کے لیے خارجی راستوں کی جانب بڑھنا شروع کیا۔ لیکن رش کی وجہ سے زائرین دریا میں قائم عارضی پل پر جمع ہونا شروع ہوگئے جو کہ انتظامیہ نے بند کر رکھا تھا۔ پل کی بندش کے باعث بھگدڑ کی صورتِ حال پیدا ہو ئی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بھگدڑ کے دوران کئی افراد نیچے گر گئے جن کے اوپر سے لوگ گزر رہے تھے۔ اسی طرح کئی خواتین اور بچے بھی اپنے اہلِ خانہ سے الگ ہو گئے ۔ پریاگ راج میں مہاکمبھ میلہ میں کروڑوں افراد شریک ہوتے ہیں۔ ہر 12 برس بعد ہونے والا یہ میلہ اس مرتبہ 13 جنوری کو شروع ہوا تھا اور چھ ہفتوں تک جاری رہے گا۔
زائرین کے مطابق بدھ کو میلے کا مبارک ترین دن قرار دیا گیا تھا ۔ اس دن سورج نکلنے سے قبل میلے کے شرکا اشنان کے لیے دریا کا رخ کر رہے تھے۔ میلے کی ڈرون فوٹیجز میں بھی نظر آ رہا ہے کہ اندھیرے میں زائرین کندھے سے کندھا ملائے آگے بڑھ رہے ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کے مطابق وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ریاست اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے فوری امدادی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔