سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 23 دہشتگرد ہلاک، 18 اہلکار شہید

  • ہفتہ 01 / فروری / 2025

بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے یکم فروری کی رات کو کارروائی کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 18 اہلکار بھی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے مطابق قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری آپریشن شروع کیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران مٹی کے 18 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ قلات کے علاقے منگوچر میں ہونے والی کارروائی کے تناظر میں ہرنائی میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں مزید 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب، سہولت کار، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دشمن کا مقصد بلوچستان کے معصوم عوام کو نقصان پہنچانا اور صوبے کے پر امن ماحول کو خراب کرنا تھا، جس میں وہ ناکام ہوئے۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ضلع قلات میں دہشت گردی کی کارروائی کے پیش نظر صوبے بھر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں۔