ہم غیر ملکی آقاؤں کی پراکسی بنے لوگوں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں: آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو دو ٹوک وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اپنے غیر ملکی آقاؤں کی پراکسی بنے ہوئے ہیں اور منافقت کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں، انہیں ہم اچھی طرح پہچانتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے گزشتہ روز بلوچستان میں این آئی ایم کا دورہ کیا جس میں انہوں نے پاکستان کے دشمنوں کے لیے واضح اور جاندار پیغام دیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے زور دے کر کہا کہ جو لوگ شکاری کے ساتھ شکار کرنے اور خرگوش کے ساتھ دوڑنے میں مہارت رکھتے ہیں، ہم انہیں بھی اچھی طرح پہچانتے ہیں۔
آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی قابل فخر قوم اور مسلح افواج کی مشترکہ قوت سے ان دوست نما دشمنوں کو ہر صورت شکست دی جائے گی، انشااللّٰہ۔ مادر وطن اور عوام کے دفاع کے لیے ہم یقینی طور پر ان ملک دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے اور ’ان دشمنوں کو شکار‘ کریں گے، چاہے یہ کہیں بھی چھپے ہوں۔
بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے آرمی چیف نے فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں میں صوبائی حکومت کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔