اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کے تبادلے خوش آئند ہیں: چیف جسٹس
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ہائی کورٹ میں ججوں کے تبادلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کے تبادلے کے معاملے کو گڈمڈ نہ کیا جائے۔ ججوں کی تعیناتی اور تبادلے دونوں الگ معاملے ہیں۔
پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ دوسرے صوبوں کے ججوں کو بھی فیئر چانس ملنا چاہیے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کسی ایک خاص کی نہیں پورے پاکستان کی ہے۔ ججز کو اس اقدام کو سراہنا چاہیے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ آنے والوں کو ججوں تعینات نہیں کیا، یہ پہلے سے ہی ہائی کورٹ کے جج ہیں۔ بطور چیف جسٹس پاکستان میرا ویژن بڑا ہونا چاہیے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ مستقبل میں بھی اس سلسلے کو چلنا چاہیے۔ سپریم کورٹ میں زیر التوا کیسز کا بیک لاگ ختم کرنا ہے، ہمیں سپریم کورٹ میں مزید ججز کی ضرورت ہے۔ ہر جج آزاد اور بااختیار ہے۔ سارا لوڈ 3،4 ججز پر پڑ جاتا ہے، جو میرا دائرہ اختیار ہے، اسے بلا خوف و خطر استعمال کروں گا۔
دریں اثنا پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس جمال مندوخیل نے شرکت کی۔ جسٹس جمال مندوخیل نے نومنتخب عہدداران سے حلف لیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے کہاکہ سپریم کورٹ رپورٹرز کو ہر ممکن سہولت دیں گے۔