چین کا پاکستان کی قومی سلامتی، استحکام، ترقی وخوشحالی کیلئے مکمل حمایت کا اعادہ

  • جمعہ 07 / فروری / 2025

چین نے پاکستان کی قومی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ممالک نے افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کے خلاف موثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پر امن حل پر زور دیا گیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر صدر مملکت آصف علی زرداری 4 سے 8 فروری تک چین کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ پاکستان اور چین نے انسداد دہشت گردی، دفاع، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے دوطرفہ تعلقات کو خراب کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کا عزم کا اظہار کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دورے کے دوران صدر شی جن پنگ نے صدر پاکستان سے گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں بات چیت کی۔ ملاقات کے دوران پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ صدر آصف علی زرداری سے عوامی جمہوریہ چین کے وزیر اعظم لی چیانگ اور نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژائو لیجی نے بھی ملاقات کی۔

فریقوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں اور اس میں خلل ڈالنے یا کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش ناکامی سے دوچار ہوگی۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق چین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے تعلقات چین کی خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ پاک-چین تعلقات اس کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہیں۔