انتخابی دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کا یوم سیاہ

  • ہفتہ 08 / فروری / 2025

پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے یومِ سیاہ منانے اور احتجاج کی کال پر آج پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی اطلاعات ہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے، پنجاب میں ایک طرف چوری اوپر سے سینہ زوری والا معاملہ چل رہا ہے۔ دوسری طرف خیبر پختون خوا میں صوابی میں جلسے کا انعقاد ہوگا۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سمیت مرکزی قیادت جلسے میں شرکت کرے گی۔

لاہور میں مینار پاکستان کے باہر پولیس کی نفری تعینات کی دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی نے پہلے لاہور میں اسی مقام پر جلسہ کرنے کی اجازت طلب کی تھی تاہم حکام نے سکیورٹی خدشات کی بناد پر اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ سنیچر کی صبح پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کا نیوز کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ عوام پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جب بھی گرفتار ہوئے یا سزا کی خبر آئی تو کہیں دو چار بندوں نے بھی نکل کر احتجاج نہیں کیا۔

اس دوران پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی رہنما عمران خان نے پاکستانی فوج کے سرابرہ کو ایک بار پھر کھلا خط لکھ کر فوج اور عوام میں بڑھتی ہوئی دوریاں کم کرنے کی درخواست کی ہے۔ اور کہا ہے کہ فوج اپنی آئینی حدود میں واپس جائے۔

یہ خط عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق اس اکاؤنٹ پر جاری کردہ پیغامات جیل میں قید سابق وزیر اعظم کی ہدایت پر ہی جاری کیے جاتے ہیں۔