لیبیا میں پاکستانیوں سمیت 65 تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی ڈوب گئی

  • سوموار 10 / فروری / 2025

دفتر خارجہ نے انکشاف کیا ہے کہ لیبیا میں پاکستانیوں سمیت 65 تارکین وطن کو لے جانے والی ایک اور کشتی سمندر میں ڈوب گئی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں سفارت خانے نے اطلاع دی ہے کہ تقریباً 65 مسافروں کو لے جانے والی ایک کشتی لیبیا کے شہر زاویہ کے شمال مغرب میں مارسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹ گئی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق طرابلس میں پاکستانی سفارت خانے نے فوری طور پر ایک ٹیم زاویہ ہسپتال روانہ کی ہے تاکہ مرنے والوں کی شناخت میں مقامی حکام کی مدد کی جا سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سفارتخانہ متاثرہ پاکستانیوں کی مزید تفصیلات حاصل کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے وزارت خارجہ کے کرائسس مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا گیا ہے۔