امریکہ، بھارت کو ایف 35 لڑاکا طیارے فراہم کرے گا

  • جمعہ 14 / فروری / 2025

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت کو رواں برس سے ہی دفاعی سازو سامان کی فروخت بڑھا دی جائے گی۔ نئی دہلی کو لڑاکا طیارے ایف 35 بھی فراہم کیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم بھارت کو اربوں ڈالر کا دفاعی سازوسامان فروخت کریں گے جس کے نتیجے میں اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ایف 35 کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گی۔

امریکہ سے ایف 35 طیارہ خریدنے کی چند ہی ملکوں کو اجازت ہے جن میں اسرائیل، جاپان اور مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد نیٹو شامل ممالک ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کا حامل یہ طیارہ ہدف کو مہارت سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کو یہ طیارے ملنے سے اس کی دفاعی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔ تاہم صدر ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ بھارت کو ایف 35 طیارے کب فراہم کیے جائیں گے۔

امریکی کانگریشنل ریسرچ سروس کے مطابق بھارت اپنی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آئندہ ایک دہائی کے دوران 200 ارب ڈالر خرچ کرے گا۔ صدر ٹرمپ اور وزیرِ اعظم مودی کی پریس کانفرنس کے بعد نئی دہلی میں بھارت کے سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے صحافیوں سے گفتگو کی۔ جب اُن سے ایف 35 کی خریداری اور صدر ٹرمپ کے اعلان سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ابھی تجویز کے مرحلے میں ہے۔

ایف 35 لڑاکا طیارے بنانے والی امریکی کمپنی لوک ہیڈ مارٹن کا کہنا ہے کہ بھارت کو اسٹیلتھ ایف 35 طیاروں کی کسی بھی قسم کی فروخت کا معاملہ دونوں حکومتوں کی سطح پر بات چیت کے بعد ہو گا۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان ڈیفنس کانٹریکٹر اور غیر ملکی حکومت کے درمیان مذاکرات کار کا کردار ادا کرتا ہے اور ایف 35 طیاروں کی فروخت محدود اور اتحادی ممالک کو ہی کی جاتی ہے۔

پاکستان نے امریکا کی جانب سے بھارت کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے بھارت کو جدید ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کی فراہمی کے اعلان پر پاکستان کو تشویش ہے۔