ہرنائی میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکا، 10 افراد جاں بحق
بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کول مائن ایریا میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب بم دھماکے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
لیویز نے بتایا ہے کہ دھماکا تحصیل شاہرگ میں کوئلے کی لیبر گاڑی کے قریب ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں پک اپ گاڑی میں سوار 9 مزدور جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ امکان ہے کہ دھماکا بارودی سرنگ کا ہوسکتا ہے جس میں مزدوروں کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے کے لیے جارہے تھے۔ تاہم مزید تحقیقات جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں پک اَپ گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کوئلے کی کانوں میں مزدوری کرتے تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو بی ایچ یو شاہرگ منتقل کیا جارہا ہے۔ بعد ازاں دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی۔
حکومت بلوچستان نے تحصیل شاہرگ ٹاکری میں دہشت گردی کے واقعے پر اظہار مذمت اور مزدوروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے ایک بیان میں کہا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں 10 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔