ہمارا بیانیہ غربت ختم کرنا ہے: نواز شریف

  • سوموار 17 / فروری / 2025

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن، معاشی تباہی، مہنگائی اور بدتمیزی ’تبدیلی‘ کی سوغاتیں تھیں۔ بدقسمتی ہے کہ ترقی کرتا ملک پٹڑی سے اتار دیا گیا۔

سیاست میں گند ڈال کر اسے تباہ کیا گیا، بدتہزیبی، بدتمیزی، بغض اور انتقام کوسیاست بنادیا گیا۔ میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں ساہیوال، خانیوال، ملتان ، لودھراں، وہاڑی اور بہاول نگر ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی شامل تھے۔

نواز شریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے واپس آیا ہے۔ شہبازشریف کی محنت سے معاشی استحکام واپس آیا ہے، پالیسیوں کے تسلسل سے معاشی ترقی یقینی ہوگی۔ ہمارا بیانیہ ملک کی ترقی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلاکر خوش حال بنانا ہے۔ جو وعدے کئے تھے اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ آج عوام کو پورے ہوتے نظر آرہے ہیں ۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف وعدوں کی تکمیل، وطن سے وفا کے نام ہیں۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے ذاتی تکالیف بھلا کر ہمیشہ پاکستان اور عوام کی تکلیفیں دور کی ہی۔ پاکستان کے چپے چپے پر نوازشریف اور شہبازشریف کی ترقی کے نشان موجود ہیں۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ مریم نواز نے نوازشریف اور شہبازشریف کے دور کی یاد تازہ کردی ہے۔ ہمیں اپنی وزیر اعلیٰ پر فخر ہے۔ پہلی خاتون وزیراعلی کے طورپر مریم نوازشریف کی عوامی خدمت کا ہر طرف اعتراف ہو رہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کی خدمت کا مشن چیلنج سمجھ کر سنبھالا ، قیادت اور جماعت کا شکریہ کہ مجھے یہ ذمہ داری دی۔ اجلاس میں عوامی فلاح کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی، پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب اور راشد نصر اللہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔