قرضوں کے ساتھ ملک ترقی نہیں کرےگا: شہباز شریف

  • ہفتہ 22 / فروری / 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرضوں کے ساتھ پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔ دعا کریں کہ صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلے اور ملک ترقی کرے۔ ہمارے کسان فصلوں کی پیداوار بڑھائیں، تاکہ ملک ترقی کرے۔

وزیراعظم نے ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کینسر ہسپتال اور یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد پر تھی۔ نواز شریف کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل تھا کہ وہ ملک کو بچائیں یا سیاست کو دیکھیں۔ لیکن انہوں نے سیاست قربان کرنے اور ملک کو بچانے کا فیصلہ کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب میں بیرون ملک جاتا ہوں تو میزبانوں کو محسوس ہوتا ہے کہ یہ پیسے مانگنے آئے ہیں۔ ایک شخص نے کہا تھا کہ شہباز شریف باہر جاتا ہے تو لوگ سمجھتے ہیں کہ قرضہ مانگنے گیا ہے تو میں سوال کرتا ہوں کہ عمران خان کیا قرض بانٹنے جاتے تھے؟ انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے جو مہنگائی 40 فیصد تھی، آج 2.4 فیصد پر آگئی ہے۔ کاروباری برادری کے لیے قرضوں پر جو شرح سود 22 فیصد تھی، وہ آج آدھی ہوگئی ہے۔ ملک ترقی کر رہا ہے، جس پر ہم اللہ پاک کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں سے ہمیں خصوصی لگاؤ ہے۔ پہلے میاں نواز شریف اور میں نے آپ لوگوں کی خدمت کی، اب نواز شریف کی صاحب زادی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آپ لوگوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ ہم نے کوئی احسان نہیں کیا، عوام کا پیسہ عوام پر لگایا ہے۔ جنوبی پنجاب نے جس طرح ہماری پارٹی اور خاندان کا ساتھ دیا ہے، اگر ساری زندگی خدمت کرتے رہیں تو بھی احسان نہیں اتارسکتے۔ ہم عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔