قومی کانفرنس کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن رہنما ’زبردستی‘ ہوٹل میں گھس گئے
اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قومی کانفرنس کے انعقاد سے قبل اپوزیشن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنماؤں کو نجی ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا گیا جس کے بعد وہ زبردستی ہوٹل میں داخل ہوگئے۔
اپوزیشن گرینڈ الائنس نے کانفرنس روکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے آج ہر صورت قومی کانفرنس کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں سابق وزیراعظم اسلام آباد کے نجی ہوٹل پہنچے۔ رپورٹ کے مطابق اس موقع پر نجی ہوٹل کے باہر ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، جب شاہد خاقان عباسی ہوٹل پہنچے تو انہیں ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ اپوزیشن جماعتوں کو ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے آج کانفرنس کی اجازت نہیں دی گئی۔ اپوزیشن جماعتوں کے رہنما نجی ہوٹل میں زبردستی کانفرنس کیلئے گھس گئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ تھانہ سیکرٹریٹ کی پولیس نے ہوٹل کے مینجر سے وقوعہ سے متعلق بیان ریکارڈ کر لیا۔ ہوٹل مینجر نے کہا کہ یہ تمام افراد ہماری اجازت کے بغیر ہوٹل کی حدود میں داخل ہوئے ہیں۔ تمام سیاسی رہنما ہوٹل میں داخل ہو کر ہال پر قابض ہو گئے ہیں۔ پولیس وقوعہ سے بیان ریکارڈ کرنے کے بعد رپورٹ لے کر روانہ ہوگئی۔ اپوزیشن گرینڈ الائنس کی قیادت پر مقدمہ درج ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپوزیشن گرینڈ الائنس کو ابھی تک ہال میں کانفرنس کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ رہنماؤں کی جانب سے ہوٹل کے ریسپشن پر کانفرنس جاری ہے اور رہنما خطاب کر رہے ہیں۔