لندن میں یورپی لیڈروں کا یوکرین کی امداد جاری رکھنے کا اعلان
لندن میں منعقد یورپی ممالک کے رہنماؤں کے اہم اجلاس میں یوکرین کی حمایت اور سلامتی کے حوالے سے جائزے کے بعد طے پایا کہ جب تک روس یوکرین جنگ جاری ہے، یوکرین کے لیے فوجی امداد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
برطانیہ، فرانس اور دیگر یورپی ممالک نے یوکرین کی حمایت اور جنگ بندی کے حوالے سے برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے پیش کیے گئے ایک منصوبے پر اتفاق کیا ہے جسے امریکہ کے ساتھ زیر بحث لایا جائے گا۔
اجلاس میں طے پایا کہ یوکرین کے دفاع اور وہاں امن کی ضمانت کے لیے ’مرضی کے حامل ممالک کا اتحاد‘ قائم کیا جائے گا جبکہ برطانیہ یوکرین کو نئے میزائیلوں کی خریداری کے لیے 1.6 ارب پاؤنڈز دے گا۔
لنکاسٹر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی میزبانی برطانوی وزیر اعظم کیئرسٹارمر نے کی جس کے اختتام پر یوکرین میں امن کے لیے چار نکات پر اتفاق ہوا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ کسی بھی امن مذاکرات میں کیو کو شامل کیا جائے گا جبکہ یورپی رہنما مستقبل میں روسی جارحیت کو روکنے کے لیے اقدامات کریں گے۔