بنوں چھاؤنی پر ناکام حملہ، 5 جوان شہید، 16 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بنوں چھاؤنی پر حملہ ناکام بناتے ہوئے تمام 16دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ جھڑپ میں 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ حملے میں 13 معصوم شہری شہید اور 32 زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے حملہ آوروں کی بنوں چھاؤنی میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ جھڑپ میں 5 جری جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ مایوس دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرائیں۔ خودکش دھماکوں کے نتیجے میں چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں 13 معصوم شہری شہید اور 32 زخمی ہوگئے جبکہ ایک مسجد اور عمارت شدید متاثر ہوئی۔ بہادر جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے حملہ آوروں کا مؤثر مقابلہ کیا۔ ہلاک دہشت گردوں میں 4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔ حملے کی منصوبہ بندی اور قیادت افغانستان میں موجود خوارج سرغنوں نے کی۔ خفیہ اطلاعات سے ثابت ہوا ہے کہ اس حملے میں افغان شہری ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مطالبہ کیا ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے، پاکستان اپنی سرحدوں کے پار سے آنے والے ان خطرات کے خلاف ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے پر عزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔