پاکستان دہشت گردی سے متاثر ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر

  • جمعرات 06 / مارچ / 2025

پاکستان میں دہشت گردی کے رجحان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گلوبل ٹیررازم انڈیکس 2025 کی رپورٹ میں دہشت گردی سے متاثرہ ممالک میں پاکستان 163 ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال کے دوران دہشت گردی کے حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 45 فیصد اضافے کے ساتھ 1081 ہوگئی ہے۔ اس طرح پاکستان 2024 میں چوتھے نمبر سے نکل کر 2025 میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس (آئی ای پی) کی شائع کردہ گلوبل ٹیررازم انڈیکس 2025 میں گزشتہ 17 برسوں کے دوران دہشت گردی کے اہم رجحانات اور نمونوں کا جامع خلاصہ فراہم کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں دہشت گردی کے اثرات کے لحاظ سے 163 ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے جن میں دہشت گردی کے واقعات، ہلاکتوں، زخمیوں اور یرغمالیوں کی تعداد شامل ہے۔  یہ مسلسل پانچواں سال ہے جس میں دہشت گردی سے متعلق اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور پاکستان کے لیے گزشتہ دہائی میں سال بہ سال سب سے بڑا اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 12 ویں سالانہ گلوبل ٹیررازم انڈیکس (جی ٹی آئی) کے مطابق دہشت گرد حملے ریکارڈ کرنے والے ممالک کی تعداد 58 سے بڑھ کر 66 ہوگئی ہے۔