کمشنر عامر کریم نے ملتان کی حالت بدل دی
- تحریر اظہر سلیم مجوکہ
- اتوار 09 / مارچ / 2025
جناب عامر کریم خان نے جب سے کمشنر ملتان ڈویژن کا چارج سنبھالا ہے، ملتان کا چہرہ ہی بدلا بدلا نظر آ رہا ہے۔ ان سے مل کر اور بات کرکے محسوس ہوتا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب کے خطے کے لئے بہت کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔
آپ ایک کرشماتی شخصیت کے مالک ہیں اور ملتان ڈویژن کے لئے کچھ کرشمے دکھائے کے متمنی ہیں۔ جناب عامر کریم خان ڈپٹی کمشنر ملتان تھے تو انہوں نے ملتان کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا۔ اب کمشنر کی حیثیت سے نہ صرف زیر التوا منصوبوں کی تکمیل کے لئے کوشاں ہیں بلکہ کئی نئے منصوبوں پر بھی کام شروع کرا چکے ہیں۔
ملتان کے قدیم تاریخی اور ثقافتی ورثے کی حفاظت اور تعمیر نو کے لئے 12 ارب کے فنڈز مختص کرا چکے ہیں۔ اور قدیم تاریخی قلعہ کہنہ باغ کو جدید طرز تعمیر کا نمونہ بنا کر قدیم ثقافتی ورثے کو سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنایا جائے گا۔
ملتان کی متعدد سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی طرف جب ان کی توجہ دلائی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور خصوصی ہدایت پر جنوبی ہنجاب کی محرومیوں کے خاتمے اور اس خظے کے مسائل کے خاتمے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے ان کو جو خصوصی ٹاسک دیا ہے اس کی تکمیل کے لئے انہوں نے انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنروں اور اسٹنٹ کمشنروں کو بھی فعال کر رکھا ہے جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آ نا شروع ہو گئے ہیں۔
ناجائز تجاوزات کے حوالے سے کئے گئے سوال پر ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی اس حوالے سے زیرو ٹالرینس پاسی ہے جس کی وجہ سے پہلی بار تجاوزات کے خلاف کامیاب آ پریشن کی وجہ سے شہر کے گنجان حسین آ گاہی چوک بازار گھنہ گھر قاسم بیلہ اور دوسرے بازار کھلے کھلے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاجر برادری بھی اس حوالے سے تعاون کرے اور اپنی دکانوں کے سامنے تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ریڑھیوں کو بھی مستقل بنیادوں پر نہ کھڑا ہونے دیں۔ تاکہ معمول کی ٹریفک رواں دواں رہے۔
کمشنر ملتان عامر کریم خان نے یہ بھی بتایا کہ ایک عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار وہاڑی ملتان روڈ بھی بنائی جا رہی ہے اور دیگر شاہراہوں کی تعمیر و مرمت بھی کی جائے گی۔ عامر کریم خان ادب اور کتاب دوست ہیں اور ملتان کے لئے کچھ کر کے دکھانے کا عزم رکھتے ہیں۔ ملتان کے مسائل عوامی منصوبوں میں ان کی دلچسپی لائق تحسین ہے۔ جناب عامر کریم نے تعلیمی میدان میں ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے کہ سرکاری سکولوں سے تعلیم حاصل کرنے والے سو سے زیادہ اعلی عہدوں پر فائز شخصیات سے رابطہ کر کے ان کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان سکولوں میں جہاں سے انہوں نے تعلیم حاصل کی ان کی اپ گریڈیشن کے لئے خصوصی توجہ دلانے کا جو منصوبہ شروع کیا ہے، اس میں پہلے ہی دن کہروڑ پکا کے ایک سکول کے لئے دو کنال جگہ کا عطیہ ہونے کے بعد دیگر انتظامات بھی طے کر لئے گئے ہیں۔ یہ سلسلہ کامیابی سے ہمکنار ہوا تو سینکڑوں سکولوں کہ نہ صرف حالت زار بدل جائے گی بلکہ ان سکولوں سے ہونہار طالب علم معاشرے کے کار آ مد شہری بھی بنیں گے۔
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
کاش ہمارے تمام اضلاع میں ایسے فرض شناس اور اچھے آ ئیڈیاز کو عملی جامہ پہنانے والے افسران موجود ہوں تو پنجاب کے بیشتر اضلاع کی قسمت بدل جائے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے پہلے مرحلے سے سینکڑوں سرکاری سکولوں کی حالت زار بہتر ہو جائے گی جو تعلیمی میدان میں یقیناً ایک انقلابی قدم ہوگا۔ جناب عامر کریم خان پہلے کی طرح ملتان ٹی ہاؤس کو مزید فعال اور تعاون کرنے کے لئے بھی پر عزم ہیں۔ انہوں نے نگران حکومت کے دور میں ملتان ٹی ہاؤس کے جنرل سیکرٹری خالد مسعود کے مطالبے پر ٹی ہاؤس کو پانچ کروڑ کی امداد جاری کرائی تھی۔ اب بھی وہ ادیبوں کے اس ٹی ہاؤس کو مزید بہتر بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور اہل قلم کے مطالبے پر جنرل باڈی اجلاس بھی بلایا جائے گا تاکہ ملتان ٹی ہاؤس کو مزید فعال کیا جا سکے۔ اور تمام اراکین اس کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرسکیں۔
جب عامر کریم صاحب ملتان میں ڈپٹی کمشنری تعیناتی کے دوران اُنہوں نے سینئر اہل قلم کے گھروں پر ان کے نام کی تختیاں نصب کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا تھا۔ اب انہوں نے اس سلسلے کو دوبارہ شروع کرنے کی بھی نوید سنائی ہے۔ ملتان کے بہت سے سینئر ادیب و شاعر قومی سطح پر اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔ ان کے لئے یہ اقدام قابل تحسین ہوگا۔
ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور رمضان المبارک میں قیمتوں کے استحکام پر بھی جامع پالیسی مرتب کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں صارفین کی ضروریات کے مطابق اشیائے خوردونوش سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ قیمتوں میں استحکام لانے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی ختم کرنے کے لئے پرایس کنٹرول کمیٹوں کو فعال کرنے کی تجویز پر بھی انہوں نے علمدارمد کرانے کا وعدہ کیا ہے۔ رمضان المبارک میں بے گھر بزرگوں کو اولڈ ایج ہوم میں سہولیات کی فراہمی بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جبکہ معذور افراد کو معاشرتی دھارے میں شامل کرنے امن و امان کی بہتری ٹریفک معاملات میں سلجھاؤ اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے ٹریفک کی بہتر روانی کے لئے ملتان کے دو اہم چوکوں کا خاتمہ بھی عامر کریم صاحب کی دور اندیشی کا ٹبوت ہے۔
وہ ملتان ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کے لئے عملی طور پر دن رات کوشاں ہیں۔ اس موقع پر ان کو ادب دوست مظہر سلیم مجوکہ کی ادارت میں شائع ہونے والا ماہنامہ ادب لطیف کا تازہ شمارہ اور روزنامہ نوائے وقت کا انٹرنیشنل میگزین ندائے ملت بھی پیش کیا جسے انہوں نے بہت سراہا۔
ہم دعاگو ہیں کہ کمشنر ملتان ڈویژن کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں حکومت پنجاب کے صاف ستھرا پنجاب اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے حکومت سے مزید فنڈز حاصل کریں۔ ملتان میں اس وقت سیوریج ایک اہم مسئلہ بنا ہوا ہے۔ صاف پانی کی فراہمی اور صحت کے بھی خاصے مسائل ہیں شہر کی بیشتر سڑکیں بارش میں ترقیاتی اداروں کی کاکردگی کا پول کھولتی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کی ازسر نو تعمیر و مرمت ضروری ہے تاکہ اس قدیم اور تاریخی شہر کا جدید حسن اور خوبصورت چہرہ نمایاں اور چمکتا دمکتا نظر آ ئے۔