غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری،400 سے زائد فلسطینی جاں بحق
غزہ میں وزارتِ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چار سو سے تجاوز کر گئی ہے۔
حماس کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ اب بھی متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ وزارتِ صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں 660 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتالوں میں لایا گیا ہے۔ واضح رہے گزشتہ رات کے دوران اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پر 35 سے زائد فضائی حملے کیے۔ شہریوں کو متعدد علاقے خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) اور اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ غزہ میں ’دہشتگردوں کے اہداف‘ پر حملے جاری رکھیں گے۔
گزشتہ چند گھنٹوں میں ’دہشتگردوں کے سیلز، لانچ پوسٹس، اسلحے کے سٹاک پائلز اور اضافی فوجی انفراسٹرکچر‘ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت اسرائیل غزہ کی پٹی پر مختلف اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے۔
مقبوضہ فلسطینی علاقے کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ کار مہند ہادی نے اسرائیل کی جانب سے عزہ میں ہونے والے حملوں کے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ ناقابل قبول ہے۔ فوری طور پر جنگ بندی کو بحال ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگوں نے ناقابل تصور مشکلات برداشت کی ہیں۔