غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 85 فلسطینی جاں بحق

  • جمعرات 20 / مارچ / 2025

حماس کے زیر انتظام شہری دفاع کے ادارے نے کہا ہے کہ غزہ میں رات بھر اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 85 فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔

حماس کے زیرانتظام وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے رواں ہفتے علاقے میں بمباری اور زمینی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے بعد سے دو دنوں کے دوران فضائی حملوں میں 430 سے ​​زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے میں توسیع کے لیے بات چیت میں پیش رفت نہ ہونے کے بعد منگل کو دوبارہ حملے شروع کیے ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بدھ کو اعلان کردہ زمینی کارروائی جنوری میں شروع ہونے والی جنگ بندی معاہدے کی 'نئی اور خطرناک' خلاف ورزی ہے۔

اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ جب تک حماس باقی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرتی غزہ میں حملے تیز کیے جائیں گے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کے پاس اب بھی 59 اسرائیلی یرغمالی ہیں اور خیال ہے کہ ان میں سے 24 زندہ ہیں۔ اسرائیل اور حماس اس بات پر متفق ہونے میں ناکام رہے ہیں کہ جنگ بندی کو اس پہلے مرحلے سے آگے کیسے لے جانا ہے، جس کی میعاد یکم مارچ کو ختم ہو گئی تھی۔ حماس نے اسرائیل کی شرائط پر جنگ بندی پر دوبارہ گفت و شنید سے اتفاق نہیں کیا۔

اسرائیل نے حماس پر دباؤ ڈالنے کے لیے مارچ کے آغاز میں غزہ میں خوراک، ایندھن اور طبی سامان کے داخلے پر پابندی لگا دی تھی۔ اس نے حماس پر الزام لگایا کہ وہ اس سامان کو اسرائیل کے خلاف اپنی حکمت عملی کے لیے استعمال کر رہا ہے۔