پاکستان نے ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کو این او سی جاری کردیا
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ تمام سیکیورٹی اور ریگولیٹری اداروں کی مشاورت سے ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کو عارضی این او سی جاری کردیا گیا ہے۔
اسٹارلنک کی عارضی رجسٹریشن پر بیان بیان میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسٹارلنک کی رجسٹریشن یقینی بنائی گئی ہے۔ وزیرِاعظم کی قیادت میں پاکستان ڈیجیٹل ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وزیرِاعظم کی ہدایت پر انٹرنیٹ نظام کی بہتری کے لیے بڑا اقدام کیا گیا ہے۔
وزیر آئی ٹی کا مزید کہنا تھا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی منظوری پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے سنگِ میل ہے۔ وزیرِاعظم کی ہدایت تھی کہ پاکستان میں انٹرنیٹ نظام کو بہتر بنایا جائے۔ سیٹلائٹ انٹرنیٹ جیسے جدید حل سے ملک میں کنیکٹیویٹی میں بہتری ہوگی۔ حکومت نے ’ہول آف گورنمنٹ‘ اپروچ کے تحت تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ سائبر کرائم ایجنسی، سیکیورٹی ایجنسیز، پی ٹی اے اور اسپیس اتھارٹی نے کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سیکیورٹی اور ریگولیٹری اداروں کی مشاورت سے اسٹارلنک کو عارضی این او سی جاری کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اسٹارلنک کی فیس ادائیگی اور دیگر لائسنسنگ ضروریات کو مکمل کرے گا۔
وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان میں اسٹارلنک کی آمد سے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔