بجلی گھر میں آتشزدگی کی وجہ سے ہیتھرو ایئرپورٹ بند

  • جمعہ 21 / مارچ / 2025

مغربی لندن کے الیکٹرک سب سٹیشن میں آگ لگنے کے بعد ہیتھرو ایئر پورٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ جس کے باعث سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں اور ہزاروں مسافر متاثر ہوئے ہیں۔

مغربی لندن کے علاقے ہیز میں الیکٹرک سب سٹیشن میں جمعرات کو پہلے دو دھماکے سُنے گئے اور پھر وہاں آگ لگ گئی جس کے سبب تقریباً 5000 گھر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ آتشزدگی کے باعث قریبی مکانات سے 150 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

لندن میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعے پر انسداد دہشتگردی کمانڈ کی سربراہی میں تحقیقات شروع کی گئی ہے تاہم اب تک کوئی ایسے شواہد نہیں ملے ہیں جن سے آگ لگنے کو دہشتگردی سے جوڑا جا سکے۔ پولیس ترجمان کے مطابق انسداد دہشتگردی کمانڈ کو اس لیے تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی کیونکہ یہ سب سٹیشن اہم جگہ پر واقع ہے اور اس واقعے کے اہم قومی انفراسٹرکچر پر سنگین اثرات مرتب ہوئے۔

برطانیہ کے مصروف ترین ایئرپورٹ ہیتھرو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہوائی اڈے کے آپریشنز میں تعطل آ سکتا ہے اور حکام کی جانب سے مسافروں کو کہا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ دوبارہ کُھلنے تک کسی بھی صورت میں وہاں نہ آئیں۔

دوسری جانب لندن فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ ہیز میں لگنے والی آگ اب بجھا دی گئی ہے۔ تاہم آتشزدگی کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نیشنل گرڈ کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے 62 ہزار صارفین کی بجلی بحال کر دی گئی ہے اور اب صرف چار ہزار 900 گھر بجلی سے محروم ہیں۔ برطانیہ کے وزیرِ توانائی ایڈ ملیبینڈ نے بی بی سی ریڈیو فور کو بتایا کہ مغربی لندن میں آتشزدگی ایک بڑا واقعہ تھا جس کے سبب نہ صرف سب سٹیشن خراب ہوا بلکہ بیک اپ جنریٹر بھی خراب ہو گیا۔

آتشزدگی کے سبب ہیتھرو ایئرپورٹ سے دنیا بھر کی پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں اور اسے بند کر دیا گیا ہے۔ فلائیٹ ٹریڈر 24 ویب سائٹ کے مطابق ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے 1300 سے زیادہ پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ اس وقت ہیتھرو ایئرپورٹ پر کوئی پرواز نہیں اُتر رہی اور جن جہازوں نے یہاں اُترنا تھا ان کا رُخ دیگر ایئرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔