سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، 16 دہشت گرد ہلاک

  • اتوار 23 / مارچ / 2025

سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 16 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خارجیوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں 22 اور 23 مارچ کی درمیانی شب دراندازی کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 16 خارجیوں کوہلاک کردیا۔

پاکستان بار بارافغان عبوری حکومت سےموثربارڈر مینجمنٹ کےلیے کہتا رہا ہے۔ توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرےگی۔ آئی ایس پی آر نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان خارجیوں کو پاکستان مین دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے، سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانےکے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کا خاتمہ یقینی بنائیں گی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔  پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہر قیمت پر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر مکمل طور پر تیار ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی اور کہا کہ  دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔