کوئٹہ میں دھماکہ، تین افراد جاں بحق
کوئٹہ میں ایک مصروف بازار کے قریب ہونے والے دھماکے میں تین افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے ہیں۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق کوئٹہ کے وسط میں ڈبل روڑ پر ہونے والے اس دھماکے میں پولیس موبائل وین کو نشانہ بنایا گیا۔
جائے حادثہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس موبائل وین اور اس کے قریب ہی کھڑے ایک موٹرسائکل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جہاں سے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حکومتِ بلوچستان کے ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وسیم بیگ نے بتایا ہے اس دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور 21 افراد کے زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت کی جانب سے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔