میانمار کے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1644 ہوگئی
میانمار کی فوجی حکومت کا کہنا ہے کہ مُلک میں آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 1644 ہوگئی ہے۔ جبکہ زخمیوں کی تعداد 3408 ہے۔ 139 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
میانمار میں زلزلے کے مرکز کے قریب واقع شہر منڈلے میں 90 افراد ایک کثیر منزلہ عمارت تلے دبے ہوئے ہیں۔ تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس شہر میں مجموعی طور پر 1500 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ منڈلے کے ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ’سب کچھ کھو دیا ہے۔‘
بین الاقوامی برادری میانمار اور تھائی لینڈ دونوں کو انسانی امداد اور مدد کی پیش کش کر رہی ہے۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) کا کہنا ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں کو آسان بنانے کے لئے کام کریں گے۔
بینکاک میونسپل اتھارٹی نے بھی تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔ میونسپل اتھارٹی کے مطابق بینکاک میں زیرِ تعمیر عمارت کے منہدم ہو جانے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 10 تک جا پہنچی ہے جبکہ 42 کے زخمی ہوئے ہیں۔ اور 78 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔