مالی بدعنوانی پر فرانس کی انتہا پسند لیڈر میرین لی پن نااہل کردی گئیں
فرانس کی ایک عدالت نے نیشنل ریلی کی لیڈر میرینلی پین کو عوامی عہدے سئ نااہل قرار دیا ہے۔ ان پر مالی بے ضابطگیوں اور خرد برد کا الزام ثابت ہؤا ہے۔
انتہائی دائیں بازو کی جماعت آر این کی مالی اعانت کے لیے یورپی یونین سے ملنے والے فنڈز میں خرد برد کا الزام ثابت ہونے پر عدالت نھے یہ فیصلہ کیا۔ میرین لی پین پر عوامی عہدے کے لیے کھڑے ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کے بعد وہ ملک کے 2027 میں صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لے پائیں گی۔
فیصلہ مکمل ہونے سے پہلے ہی میرین لی کمرہ عدالت سے نکل گئیں۔ فرانس کی میرین لی پین کو اپنی انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی (آر این) کی مالی اعانت کے لیے یورپی فنڈز کے غلط استعمال کا قصوروار ٹھرایا گیا ہے۔ انہیں فوری طور پر کام سے روک دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ لی پین پر پارٹی کی 20 سے زائد دیگر سینئر شخصیات کے ساتھ مل کر ایسے معاونین کی خدمات حاصل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا جو یورپی پارلیمنٹ کے بجائے ان کی آر این پارٹی کے معاملات پر کام کرتے تھے۔
استغاثہ نے گزشتہ سال کہا تھا کہ لی پین کی سزا نہ صرف تین لاکھ یورو جرمانہ اور قید کی سزا ہونی چاہیے بلکہ پانچ سال تک عوامی عہدے کے لیے انتخاب لڑنے سے بھی روکنا چاہیے۔
انہیں چار سال قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے جن میں سے دو کو معطل کر دیا جائے گا۔ دیگر دو کو حراست میں رکھنے کے بجائے الیکٹرانک ٹیگ کے ساتھ گزارا جاسکتا ہے۔ لی پین پر ایک لاکھ یورو جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
امکان ہے کہ وہ جیل کی سزا کے خلاف اپیل کریں گی، لہذا اس سزا کا اطلاق ابھی نہیں ہوگا۔