عالمی تجارتی جنگ میں کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 3800 پوائنٹ کی کمی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف کے نفاذ کے بعد چین کی جانب سے امریکا پر بھاری محصولات عائد کیے جانے کے بعد تجارتی جنگ بڑھ چکی ہے۔ دنیا بھر کی منڈیوں کی طرح پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ایس 100 انڈیکس میں 3 ہزار 800 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
شدید مندی کی وجہ سے کاروبار 45 منٹ کے لیے روک کر پھر بحال کیا گیا۔ عالمی اسٹاک مارکیٹیں بھی کریش کر گئیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مطابق سہہ پہر 3 بج کر 16 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 828 پوائنٹس یا 3.33 فیصد کی کمی سے ایک لاکھ 14 ہزار 963 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جو صبح 10 بج کر 09 منٹ پر ایک لاکھ 18 ہزار 791 پر موجود تھا۔
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 8 ہزار 500 سے زائد پوائنٹس کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے اس کمی کی وجہ سرمایہ کاروں کے اس خدشے کو قرار دیا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ٹیرف میں اضافے سے کمزور طلب کی وجہ سے عالمی کساد بازاری پیدا ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ درآمدات پر مبنی معیشت ہونے کے ناطے امریکی محصولات کے نفاذ سے ہمیں عالمی اجناس کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کی وجہ سے فائدہ ہوگا۔ چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے کہا کہ عالمی کساد بازاری کے خدشے کی وجہ سے ایشیائی مارکیٹیں بڑے پیمانے پر نیچے آئی ہیں۔
ہانگ کانگ میں 10 فیصد، ٹوکیو میں 8 فیصد اور تائی پے میں 9 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ وال اسٹریٹ کی مارکیٹوں کے فیوچرز میں بھی ایک بار پھر مندی دیکھی گئی جب کہ طلب پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں خدشات میں بھی اجناس میں کمی دیکھی گئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اس وقت مارکیٹ میں مندی پیدا کردی تھی جب انہوں نے امریکی تجارتی شراکت داروں کے خلاف بھاری محصولات کا اعلان کیا تھا۔ اور دعویٰ کیا تھا کہ حکومتیں واشنگٹن کے ساتھ معاہدوں میں کٹوتی کے لیے قطار میں کھڑی ہیں۔
لیکن جمعہ کو ایشیائی مارکیٹوں کی بندش کے بعد چین نے کہا کہ وہ 10 اپریل سے تمام امریکی مصنوعات پر 34 فیصد جوابی ٹیکس عائد کرے گا۔ اس نے زمین کے 7 نایاب عناصر پر برآمدی کنٹرول بھی عائد کیا جن میں گیڈولینیم، جو عام طور پر ایم آر آئی میں استعمال ہوتا ہے، اور یٹریم، جو صارفین کے الیکٹرانکس میں استعمال ہوتا ہے۔