عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات سے متعلق معاملہ سپریم کورٹ لے جانے کی ہدایت کردی
پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کو اڈیالہ جیل میں ملاقات سے متعلق معاملہ سپریم کورٹ لے جانے کی ہدایت کردی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کل ہدایت دی ہے کہ ملاقات والے معاملے کو سپریم کورٹ لے کر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایسی عادت نہیں کہ وہ کسی سے ملنے سے انکار کریں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا قومی مفاد میں اگر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو تیار ہوں۔
بانی پی ٹی آئی کے بہت سے وکلا ان سے ملنے کے لیے جاتے ہیں، بعض اوقات لسٹ میں نام نہیں ہوتا، نام پکارا جاتا ہے تو انٹری ہو جاتی ہے۔ بانی سے ملاقات کرنے کا ہر ایک کا حق ہے۔ ہم نے کبھی ایسا نہیں کہا کہ یہ اڈیالہ جیل جائے گا اور یہ نہیں جائے گا۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ سلمان اکرم راجا کے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے متعلق کمنٹس نے نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ سینیٹر علی ظفر نے سلمان اکرم راجا کے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس سے قبل سلمان اکرم راجا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فل بینج کے فیصلے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ سب کی رضا مندی سے طے ہوا تھا کہ وکلا کے 6 نام میں دوں گا، کل 6 وکلا کے جو نام میں نے دیے، اُن کو نہیں جانے دیا گیا، کل صرف منظور نظر لوگوں کو ملنے دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ کل عمران خان نے کسی کو نہیں بلایا تھا۔ فیملی سے بات ہوئی ہے وہ خیریت سے ہیں۔ آئندہ جس شخص کا نام فہرست میں نہ ہو وہ ملاقات نہ کرے۔
واضح رہے کہ عمران خان سے اہل خانہ اور رہنماؤں کی ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے جیل کے قریب احتجاج اور پتھراؤ کیا گیا۔ پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں، عالیہ حمزہ، صاحبزادہ حامد رضا و دیگر کو حراست میں لینے کے بعد رہا کردیا جس کے بعد انہوں نے ایک ہال میں دھرنا بھی دیا۔
اس دوران سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی کے حکام سے کہا گیا ہے کہ چند عناصر کی جانب سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرائے جانے کا جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے۔ جیل حکام کا کہنا تھا کہ سینٹرل جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے فیملی ممبرز، وکلا کی ملاقات کے علاوہ عمران خان کی بیرون ملک مقیم بیٹوں سے واٹس اپ پر بات چیت کروائی گئی۔