امریکی اقدامات پوری عالمی معیشت کو تباہ کرسکتے ہیں: چین
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ امریکی محصولات پر چین کا ردعمل ’اختتام تک جاری رہے گا‘ اور بیجنگ کسی کو بھی ’چینی عوام کے مفادات کو محروم کرنے یا تجارتی نظام کو کمزور کرنے‘ کی اجازت نہیں دے گا۔
چینی وزارت خارجہ کا یہ بیان امریکہ کی طرف سے چینی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے باقی تمام ملکوں پر عائد کیے گئے ٹیرف میں 90 دن کا وقفہ کردیا تھا تاہم چین پر ٹیرف کی شرح 125 فیصد کردی تھی۔ اس کے بعد دونوں بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ میں اضافہ ہؤا ہے۔
چینی ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ ذاتی مفادات کے لیے کام کر رہا ہے اور محصولات کو زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے اور خود غرضی کے حصول کے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ رویہ قوانین پر مبنی تجارتی نظام کو کمزور کرتا ہے اور عالمی اقتصادی نظام کو غیر مستحکم بھی کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پوری دنیا کے خلاف ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جیان نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات ناکامی کی جانب لے کر جانے والے ہوتے ہیں اور یہ کہ اس وقت امریکہ بین الاقوامی برادری کے مفادات پر اپنے مفادات کو ترجیح دے رہا ہے۔