بیلا روس میں شریف برادران کی مدارت

  • جمعہ 11 / اپریل / 2025

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بھائی نواز شریف کے اعزاز میں اپنے فارم ہاؤس پر عشائیہ دیا۔

پاکستانی حکومت کے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق صدر لوکاشینکو نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے لیے غیر معمولی گرمجوشی اور محبت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر صدر لوکاشینکو کا شکریہ ادا کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر 10 سے 11 اپریل تک بیلاروس کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے علاوہ دیگر وزرا اور اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔

بیان کے مطابق یہ دورہ نومبر 2024 میں صدر لوکاشینکو کے پاکستان کے اہم دورے کے بعد ہو رہا ہے۔ اپنے قیام کے دوران وزیراعظم باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے صدر لوکاشینکو سے بات چیت کریں گے۔

اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان دفاع اور تجارت سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بیلا روس کے ایوان آزادی آمد پرشاندار خیر مقدم کیا گیا۔ بیلا روس کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

جمعے کو وزیراعظم کے دورہ بیلاروس کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پرپاکستان کی وزارت دفاع اور بیلا روس کی وزارت دفاع کے درمیان فوجی تعاون کا معاہدہ ہوا۔ تقریب میں بیلاروس کی فوجی صنعت کی اسٹیٹ اتھارٹی اوروزارت دفاعی پیداوارپاکستان کے درمیان فوجی تکنیکی تعاون سے متعلق 2025 سے 2027کا روڈ میپ طے پاگیا، دونوں ممالک کے درمیان ری ایڈمیشن معاہدہ کا معاہدہ بھی طے پایا ہے۔

سرکاری خبررساں  ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تربیت یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجا جائے گا۔ یہ فیصلہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر لوکو شینکا کے مابین جمعہ کو بیلا روس کے ایوان آزادی میں ہونے والی دو طرفہ ملاقات میں کیا گیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سے ہنر مند اور تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیلاروس بھجوانے کے حوالے سے لائحہ عمل جلد ترتیب دیا جائے گا۔