سکیورٹی فورسز کا ڈی آئی خان میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک ، ایک جوان شہید

  • جمعرات 17 / اپریل / 2025

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ تاہم اس کارروائی میں ایک فوجی جوان بھی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کے مطابق  16 اپریل کو سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدی میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔  آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور اس کے نتیجے میں 4 خوارج واصل جہنم ہو گئے۔

دوسری جانب خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک دھرتی کے ایک بہادر سپوت سپاہی باسط صدیق نے جواں مردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔